روداد نویسی: تعارف، مفہوم اور اصول

روداد نویسی: تعارف، مفہوم اور اصول

اردو ادب میں روداد نویسی ایک مؤثر طریقہ ہے جس کے ذریعے کسی تقریب، واقعے یا مشاہدے کا تفصیلی بیان کیا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے قاری کو واقعے کی اصل صورتحال سے آگاہی حاصل ہوتی ہے، جیسے وہ خود اس تقریب میں موجود ہو۔ روداد نویسی میں حقیقی واقعات اور مشاہدات کو ترتیب دے کر لکھنے کا ہنر ضروری ہے۔

روداد نویسی کی تعریف اور مفہوم

روداد ایک فارسی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں:

  • کیفیت یا حالت
  • عدالتی کاروائی
  • کاروائی کی تحریر
  • رپورٹ

حوالہ: فیروز الغات، صفحہ نمبر 764 اور جدید اردو لغت، صفحہ نمبر 407

اصطلاحی طور پر روداد سے مراد ایسے حالات و واقعات کا بیان ہے جو روداد لکھنے والے نے خود دیکھے ہوں۔ اس میں ایک سچائی اور حقیقت کا عنصر پایا جاتا ہے۔ انگریزی زبان میں اسے رپورٹ کہا جاتا ہے۔ روداد نویسی میں حادثے، واقعے، جلسے، جلوس، مشاعرہ، یا کسی تقریب کا آنکھوں دیکھا حال، صحیح ترتیب اور دیانت داری کے ساتھ بیان کرنا اہم ہوتا ہے۔

روداد نویسی کے اصول و ضوابط

روداد لکھنے کے لیے چند اہم اصول اور ہدایات کی پیروی ضروری ہے تاکہ تحریر قاری کو حقیقی محسوس ہو اور کسی قسم کی پیچیدگی سے پاک ہو۔

  • موضوع یا شخصیت کا تعارف: اگر روداد کسی خاص واقعے یا شخصیت کے حوالے سے ہے تو ابتدائی سطور میں مختصر تعارف فراہم کرنا ضروری ہے، تاکہ قاری کو اس کے پس منظر کا اندازہ ہو سکے۔
  • تاریخ، مقام اور حاضرین کا ذکر: روداد میں اس تقریب یا واقعے کی تاریخ، مقام اور حاضرین کا ذکر لازمی ہے۔ اس سے قاری کو تقریب کے ماحول اور وقت کا صحیح اندازہ ہوتا ہے۔
  • مقام کی آرائش و کیفیت کا بیان: روداد میں مقام کی آرائش اور اس کی کیفیت کو بیان کرنا، قاری کے سامنے ایک مکمل تصور پیش کرتا ہے۔ یہ مقام کی مخصوص خصوصیات کو اجاگر کرتا ہے۔
  • مہمان خصوصی کا تعارف: اگر تقریب میں کوئی مہمان خصوصی یا صدر موجود ہو تو ان کا مختصر تعارف شامل کرنا چاہیے۔ یہ ایک اہم جزو ہوتا ہے جو روداد کو مؤثر بناتا ہے۔
  • تلاوت اور نعت سے تقریب کا آغاز: روداد میں اکثر تقریبات میں تلاوت اور نعت سے آغاز ہوتا ہے۔ یہ واقعے کی ترتیب کو صحیح طریقے سے سمجھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
  • حقیقت پسندی: روداد حقیقت کے قریب تر ہونی چاہیے۔ اس میں جھوٹ یا غیر ضروری اضافے سے گریز کریں تاکہ قاری کو حقیقت کا احساس ہو۔
  • سادہ اور آسان زبان: روداد میں زبان سادہ، روانی سے بھرپور اور آسان ہونی چاہیے۔ پیچیدہ جملوں سے اجتناب کریں تاکہ قاری کے لیے پڑھنا آسان ہو۔
  • تقریروں کے نکات: اگر تقریب میں تقریریں کی گئی ہوں تو مہمان خصوصی یا دیگر شخصیات کی تقاریر کے چند اہم نکات شامل کریں۔ یہ روداد کو دلچسپ اور معلوماتی بناتا ہے۔
  • اختصار: روداد امتحان میں عموماً دو سے تین صفحات تک محدود ہونی چاہیے۔ غیر ضروری طوالت سے گریز کریں اور موضوع پر قائم رہیں۔
  • اختتام کی دلچسپی: روداد کا اختتام خوشگوار اور دلچسپ ہونا چاہیے، تاکہ قاری کا دلچسپی برقرار رہے اور اختتام پر ایک جامع پیغام ملے۔

روداد نویسی کی اہمیت

روداد نویسی اردو ادب کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کے ذریعے قاری کو ایسی معلومات فراہم کی جاتی ہیں جو ایک مختصر اور سچے انداز میں کسی تقریب، جلسے، یا مشاہدے کے بارے میں آگاہ کرتی ہیں۔ روداد نویسی کا ہنر طلباء اور ادباء کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس سے ناصرف ان کی مشاہدہ کرنے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے بلکہ اسے درست انداز میں بیان کرنے کا بھی ملکہ حاصل ہوتا ہے۔

جواب دیں